ایتھوپیا،13مارچ(ایجنسی) افریقہ کے ملک ایتھوپیا میں کچرے کا 15 میٹر بلند ٹیلہ ڈھے جانے کے نتیجے میں 50 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ خبررساں ایجنسیوں نے مقامی ذمے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دارالحکومت ادیس ابابا کے نزدیک کوشی نامی علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت جائے واقعہ پر 150 سے زیادہ مقامی افراد موجود تھے۔ مذکورہ جگہ گزشتہ 50 برسوں سے 40 لاکھ آبادی والے شہر ادیس ابابا کے
لیے مرکزی کچرا کنڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
کئی ٹن کچرا گرنے کی وجہ سے متعدد جھونپڑیاں اس کے ملبے تلے دب گئیں۔ مقامی بلدیہ کی خاتون ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم عمر بچے اور خواتین شامل ہیں۔ یہ افراد اپنے گزر بسر کے لیے آمدنی کی غرض سے کچرے کو کام میں لاتے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں 14 مرد اور 32 خواتین شامل ہیں۔